غازی آباد، 30اکتوبر (آئی این ایس انڈیا) مرکزی حکومت کے تین زرعی قوانین کے خلاف دہلی سے متصل غازی آباد کی تمام سرحدوں پر کسان احتجاج کر رہے ہیں۔اس کڑی میں ہفتہ کو دہلی یوپی کے غازی پور سرحد پر کسان احتجاجی مظاہرے کے درمیان ایک قابل اعتراض پوسٹر سامنے آیا ہے۔ جمعہ کو دہلی پولیس نے رکاوٹیں ہٹا دی تھیں، وہیں دوسری طرف ہندو سینا نے ہفتہ کی صبح بیری کیڈنگ کے قریب ہائی وے کے ڈیوائیڈر پر کچھ پوسٹر چسپاں کئے، ان میں قابل اعتراض جملے لکھے ہوئے تھے۔ ان میں لکھا تھا تقسیم کار کسان،قاتل کسان اپنی تحریک بند کرو‘۔ تاہم جیسے ہی پولیس کو ان پوسٹروں کے بارے میں پتہ چلا، پولیس نے ان پوسٹروں کو وہاں سے ہٹا دیا۔اس کے علاوہ اس پوسٹرمیں اور بھی قابل اعتراض جملے لکھے ہیں۔ وہیں اس پوسٹر میں ہندو سینا کے ساتھ ساتھ سرجیت یادو نامی شخص کا موبائل نمبربھی لکھا ہے۔دراصل دہلی پولس نے مرکزی حکومت کے تین زرعی قوانین کے خلاف دہلی کی تمام سرحدوں پر احتجاج کرنے والے کسانوں کی وجہ سے بند سڑکوں کو بحال کر دیا ہے۔ جمعرات کو ٹکری بارڈرکا راستہ کھولنے کے بعد، دہلی پولیس غازی پور سرحد پر بیری کیڈنگ جمعہ کو ہٹا دی گئیں، پولیس نے بتایا کہ سپریم کورٹ کے حکم پر نیشنل ہائی وے نمبر 9 (NH-9) کو کھول دیا گیا ہے۔